نیشنل اینفلوینسرز تھنک ٹینک نے مطالبہ کیا ہے کہ ’’احساس ریڑھی بان بل‘‘ کو خیبرپختونخوا کی آئندہ کابینہ میٹنگ کے ایجنڈے کا حصہ بنایا جائے تاکہ ایک لاکھ سے زائد محنت کش ریڑھی بانوں کو قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
تھنک ٹینک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بل تمام متعلقہ محکموں اور وزراء سے منظوری کے بعد اب صوبائی کابینہ کی توجہ کا منتظر ہے۔
نیشنل اینفلوینسرز کے صدر سلیمان یوسفزئی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکمے کو ہدایت جاری کریں تاکہ یہ بل کابینہ اجلاس میں پیش کیا جا سکے۔
سلیمان یوسفزئی نے کہا کہ اس بل کی منظوری سے صوبے میں نہ صرف ریڑھی بانوں کے روزگار کو تحفظ حاصل ہوگا بلکہ حکومت کی ریونیو جنریشن میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔
سلیمان یوسفزئی کا کہنا ہے کہ نیشنل اینفلوینسرز کی یہ ایک طویل کاوش رہی ہے جس میں بل کے لیے تحقیقی رپورٹس، ریڑھی بان ایسوسی ایشنز کا قیام اور مختلف فورمز پر مسلسل آواز بلند کی گئی۔
متعلقہ بل کی تیاری میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ تفصیلی میٹنگز اور مشاورت شامل رہی جن میں ریڑھی بانوں کی ریگولرائزیشن، لائسنسنگ اور مخصوص کاروباری زونز کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
بل میں ریڑھی بانوں کی نمائندگی کے لیے کونسلز کے قیام کا بھی ذکر ہے تاکہ وہ پالیسی سازی میں براہ راست شامل ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل کب اور کیسے ہوگی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
صدر نیشنل اینفلوینسرز نے مزید کہا کہ یہ بل نہ صرف شہری انتظامیہ اور ریڑھی بانوں کے درمیان بہتر تعلقات کو فروغ دے گا بلکہ غیر رسمی معیشت کو منظم کرنے اور صوبے کی معاشی شمولیت کو وسعت دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔





