لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں دو نئی ٹیموں کو شامل کرنے اور ملک کے چھ مختلف شہروں میں میچز کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
پی ایس ایل پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان نصیر نے بتایا کہ پی سی بی کی کوشش ہے کہ پشاور میں جاری اسٹیڈیم کی تعمیر جلد مکمل کی جائے تاکہ آئندہ ایڈیشن کے دوران وہاں میچز کا انعقاد ممکن ہو سکے۔
ان کے مطابق فیصل آباد بھی آئندہ سیزن کے لیے نئے میزبان شہروں میں شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 11 کے لیے نئی فرنچائزز کے حوالے سے عمل نومبر میں شروع کیا جائے گا، اور متعدد سرمایہ کار ٹیموں کے حصول میں دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں۔
ان کے بقول فرنچائزز کی ویلیوایشن کے ٹرمز آف ریفرنس مارچ میں طے کیے گئے تھے، اور اس ہفتے کے آخر تک ویلیوایشن مکمل کر لی جائے گی۔ مارکیٹ ویلیو کے مطابق فرنچائزز کو نئی آفرز دی جائیں گی۔
سلمان نصیر نے بتایا کہ پی ایس ایل کے حالیہ سیزن نے کئی نئے ریکارڈ قائم کیے سیزن 10 میں پہلی اننگ کا اوسط اسکور 187 رہا جو گذشتہ سال کے 167 سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
ایک ہی ایڈیشن میں 19 بار 200 سے زائد اسکور بنا، 520 چھکے لگے اور مجموعی طور پر 435 وکٹیں حاصل کی گئیں۔
ان کے مطابق ایڈیشن 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 263 رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا، جبکہ مسلسل تیسرا فائنل آخری اوور تک گیا۔
اس سیزن میں ویورشپ میں 647 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور مجموعی ناظرین کی تعداد 3.4 بلین تک جا پہنچی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان کرکٹ کو قیمتی ڈیٹا، جدید تجزیاتی نظام اور اعلیٰ معیار کی کرکٹ حاصل ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل 11 میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت، سی ای اونے تصدیق کردی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کے 11ویں ایڈیشن میں دو نئی ٹیمیں اور دو اضافی وینیوز شامل کیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان نصیر نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سنجیدگی سے چھ وینیوز پر میچز کرانے پر غور کر رہا ہے۔
ان کے مطابق ان شاءاللہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 چھ مختلف مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کاعمران خان اسٹیڈیم (سابق ارباب نیاز اسٹیڈیم) تقریباً مکمل ہو چکا ہے تاہم بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے چند آخری مراحل باقی ہیں۔
ان کے بقول پی سی بی چاہتا ہے کہ یہ اسٹیڈیم پی ایس ایل 11 کے میچز کی میزبانی کے لیے تیار ہو جائے لیکن اس مقصد کے لیے طویل المدتی لیز معاہدہ ضروری ہے تاکہ بورڈ وہاں مناسب سرمایہ کاری کر سکے۔
سی ای او کے مطابق فیصل آباد کو بھی نئے میزبان شہروں میں شامل کیا جا رہا ہے کیونکہ وہاں پہلے ہی بین الاقوامی میچز شیڈول ہیں۔
لیگ میں توسیع کے حوالے سے سلمان نصیر نے کہا کہ پی سی بی دو نئی فرنچائزز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، اور ٹیموں کی فروخت کے لیے ٹینڈر کا عمل نومبر میں شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نئی ٹیموں کے حصول میں نمایاں دلچسپی پائی جا رہی ہے اور اس حوالے سے سخت مسابقت متوقع ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 2016 میں پانچ ٹیموں کے ساتھ ہوا تھاجبکہ 2018 میں ملتان سلطانز کی شمولیت سے ٹیموں کی تعداد چھ ہو گئی تھی۔ دو مزید فرنچائزز کے اضافے کے بعد لیگ پہلی بار آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہو گی۔





