خیبرپختونخوا حکومت کا اراکین اسمبلی کے لیے ترقیاتی فنڈز کا اجرا

شاہد جان

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے رواں مالی سال کے نصف گزرنے کے بعد بالآخر اراکین اسمبلی کے لیے ترقیاتی فنڈز جاری کر دیے۔ محکمہ خزانہ اور ترقی و منصوبہ بندی نے اس ضمن میں 4 ارب 32 کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ فنڈز “ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو” (ڈی ڈی آئی) کے تحت جاری کیے گئے ہیں، جس کی پہلی قسط صوبے کے مختلف اضلاع کو فراہم کر دی گئی ہے۔ حکومتی منصوبے کے تحت صوبے کے ہر حلقے کے لیے مالی سال کے دوران 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا حکومت کا بچوں کی ویکسی نیشن کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ

دستاویزات کے مطابق، ڈی ڈی آئی فنڈز کے 75 فیصد حصے کا استعمال متعلقہ رکن صوبائی اسمبلی کرے گا، جبکہ باقی 25 فیصد رقم متعلقہ رکن قومی اسمبلی کے استعمال کرنے کے مجاز ہونگے۔ یہ فنڈز متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے اکاؤنٹ میں منتقل کیے جائیں گے، جہاں سے اراکین اسمبلی اپنے منصوبے پیش کر کے ان کے لیے فنڈز ریلیز کروا سکیں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، اس منصوبے سے صرف حکومتی جماعت سے تعلق رکھنے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین فائدہ اٹھا سکیں گے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اس فنڈ سے محروم رہیں گے۔

Scroll to Top