وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضے کے لیے سری نگر میں داخل ہو کر ظلم و جبر کا آغاز کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ 1947ء سے آج تک نہتے کشمیری بھارتی ریاستی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن ان کا عزم اور حوصلہ دنیا کے لیے مثال بن چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آزادی، مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے، اور پاکستانی عوام کشمیریوں کی جدوجہدآزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دلانے میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، اور کشمیری عوام کی دہائیوں پر محیط جدوجہدِ آزادی بے مثال ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ’’ان شاءاللہ کشمیری عوام کی یہ جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہوگی۔ خود کو بڑی جمہوریت کہلانے والا بھارت دراصل ریاستی ظلم و جبر کا علمبردار بن چکا ہے، جس کی مذمت پوری دنیا کو کرنی چاہیے۔‘‘





