جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دے دیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔
ریزا ہینڈرکس 40 گیندوں پر 60 رنز بنا کر نمایاں رہے، جب کہ جارج نے 36 اور ٹونی ڈی زورزی نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان کوئنٹن ڈی کاک 23 رنز بنا کر صائم ایوب کا شکار بنے۔
جنوبی افریقہ نے اس میچ میں راولپنڈی میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور بنانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپریل 2023 میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3، صائم ایوب نے 2 جبکہ نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستانی ٹیم بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم کے سلسلے میں گلابی رنگ کی خصوصی جرسی پہن کر میدان میں اتری۔
کپتان سلمان علی آغا نے میچ سے قبل کہا تھا کہ کوشش ہوگی مہمان ٹیم کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھا جائے، بابر اعظم اور نسیم شاہ سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی سی بی سے تحفظات،محمد رضوان کا سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنےسے انکار
پاکستان ون ڈے ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
رضوان نے بورڈ کے سامنے دستخط کرنے کے لیے مخصوص شرائط رکھی ہیں جن میں سب سے اہم شرط یہ ہے کہ انہیں ٹی 20 اسکواڈ سے ہٹانے کی وجہ واضح طور پر بتائی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے محمد رضوان کی یہ شرائط منظور نہیں کیں اور مستقبل میں بھی ان کے منظور ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
اس سال کے سینٹرل کنٹریکٹ میں 30 قومی کرکٹرز کو شامل کیا گیا، تاہم اے کٹیگری کا زمرہ ختم کر دیا گیا اور محمد رضوان کو دیگر 10 کرکٹرز کے ساتھ بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سوائے محمد رضوان کے باقی تمام کھلاڑیوں نے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران پی سی بی نے اچانک ون ڈے ٹیم کی قیادت ان سے واپس لے کر شاہین شاہ آفریدی کو نیا کپتان مقرر کر دیا۔





