اگر افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی تو بھرپور جواب دیں گے، وزیر دفاع

اسلام آباد : وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کابل میں افغان طالبان کی حمایت کر رہا ہے اور انہیں پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔

عرب ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ طالبان اب بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں، اور نئی دہلی افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کم شدت کی جنگ چھیڑے ہوئے ہے۔

خواجہ آصف کے مطابق پاکستان کے پاس بھارت اور افغان طالبان کے باہمی تعلقات کے واضح شواہد موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب طالبان کے ایک وزیر بھارت کے دورے پر تھے، اسی دوران پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر جھڑپیں ہوئیں جن میں پاکستانی فورسز نے بھرپور جواب دیا اور متعدد جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

انٹرویو کے دوران وزیردفاع نے ماضی کی پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چند ماہ قبل بھارت کو جنگ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس میں اس کے سات طیارے مار گرائے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کمیٹی کا مطالبہ: قا ئدِ ایوان اور اپوزیشن کے نوٹیفکیشن فوری جاری کیے جائیں

ان کے بقول امریکی صدر نے بھی کئی مواقع پر اس واقعے کا ذکر کیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افغان سرزمین دوبارہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہوئی تو سخت جواب دیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور استحکام کی کوشش کی، مگر کابل نے تصادم کا راستہ اختیار کیا ہے، اگر لڑائی مسلط کی گئی تو جواب دینا ہمیں بھی آتا ہے۔

Scroll to Top