اختلاف جائز، امن سب کا ہدف: سہیل آفریدی نے سیاسی جماعتوں کا جرگہ بلایا

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر سیاسی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد ان ہاؤس کمیٹی کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کا جرگہ بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مولانا فضل الرحمان، ایمل ولی خان، سراج الحق، امیر مقام، آفتاب شیرپاؤ اور محمد علی شاہ باچا سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، تاہم امن سب کا مشترکہ ہدف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام فریقین کو ساتھ لے کر پائیدار امن یقینی بنایا جائے گا۔

سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ جرگے کے ذریعے سیاسی جماعتوں کے درمیان اعتماد سازی اور مذاکرات کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ صوبے میں امن قائم رہے اور کوئی غیر ضروری تنازعہ نہ پیدا ہو۔

صوبائی حکومت کی یہ پیش رفت سیاسی جماعتوں اور عوام کے درمیان مثبت پیغام پہنچانے کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ جرگہ صوبے میں امن و استحکام کے لیے ایک مؤثر قدم ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : گورنرفیصل کریم کنڈی سے وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ملاقات،این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت

 گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے ملاقات کی۔

گورنر ہاؤس پشاور میں ہونے والی ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور صوبے کی ترقی و خوشحالی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر اور وزیراعلیٰ نے این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کے حقوق کے حوالے سے مشاورت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق سے صوبے کے جائز حقوق کے حصول کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی کے ساتھ کردار ادا کیا جائے گا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے اور عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر ایک مؤثر اور مشترکہ آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ باہمی اتحاد و ہم آہنگی کے ذریعے خیبرپختونخوا کو ترقی یافتہ، خوشحال اور پرامن صوبہ بنایا جائے گا۔

Scroll to Top