زلزلےکے جھٹکے افغانستان کے شہر مزار شریف سمیت دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے، زلزلے کے باعث مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے ہندوکش خطے میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے ملک کے مختلف شہروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی 28 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز صوبہ سمنگان کے ضلع خُلم سے تقریباً 22 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
خبر ایجنسیوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مزار شریف سمیت دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے اور کئی مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک کم از کم 20 افراد ہلاک اور 320 زخمی ہوئے ہیں، جبکہ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، زلزلے کے وقت شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات کی طرف دوڑنے لگے کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ ان کے مکانات گر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے۔ افغان حکام نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال 31 اگست کو افغانستان میں 6.0 شدت کے زلزلے میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ 2023 میں 6.3 شدت کے زلزلے اور آفٹر شاکس کے نتیجے میں کم از کم 4 ہزار اموات ہوئی تھیں۔





