غیر قانو نی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف کارروائی ،پولیس کی شہریوں سے اپیل، پراپرٹی اور ملازمت غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو نہ دیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت پنجاب کے خصوصی احکامات کی روشنی میں گزشتہ پانچ روز کے دوران صرف راولپنڈی میں 216 غیرقانونی افغان شہریوں کو گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹر منتقل کر دیا گیا۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق، غیرقانونی افغان باشندوں کو مکان کرائے پر دینے پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے، اور اب تک 18 مکان مالکان کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو اپنی پراپرٹی کرائے پر نہ دیں اور نہ ہی فروخت کریں، ورنہ قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔
پولیس نے مزید کہا کہ شہری اپنی گاڑی، رکشہ یا دیگر اشیاء بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو نہ دیں، اور کسی کو ملازمت پر نہ رکھیں۔ قانونی طور پر مقیم غیر ملکی افراد کو متعلقہ تھانے میں اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہے۔
راولپنڈی پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ اپنے ارد گرد نظر رکھیں اور غیرقانونی مقیم غیر ملکی افراد کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر راز میں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں غیرقانونی غیرملکیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، اور اب تک لاکھوں افغان شہری واپس افغانستان بھیجے جا چکے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد اس کارروائی میں مزید شدت دیکھنے میں آئی ہے۔





