لاس اینجلس: پیرس اولمپکس 1900 کے بعد کرکٹ کو دوبارہ اولمپک کھیلوں میں شامل کرنے کے بعد آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں 2028 کے اولمپکس میں ٹیموں کی شرکت کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔
میٹنگ میں مرد اور خواتین کی ہر ایک کے لیے 6، 6 ٹیموں کی اولمپکس میں شمولیت کی تصدیق کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ مجوزہ فارمولے کے تحت پاکستان اور بھارت کے درمیان اولمپک مقابلے کی گارنٹی نہیں ہے۔
ابتدائی طور پر آئی سی سی نے ٹوئنٹی رینکنگ کی ٹاپ 6 ٹیموں کو براہ راست کوالیفائی کرنے کا آئیڈیا پیش کیا تھا، تاہم اب فیصلہ براعظم کی بنیاد پر ٹاپ ٹیموں کو اولمپکس میں جگہ دینے پر ہوا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اولمپکس میں شامل ہونے والی پانچ ٹیمیں ہر براعظم سے منتخب ہوں گی جبکہ چھٹی ٹیم گلوبل کوالیفائر کے ذریعے آئے گی۔
اجلاس میں شریک ایک رکن نے کہا کہ آئی سی سی جلد اس سلسلے میں باضابطہ اعلان کرے گی، تاہم ابھی صرف ابتدائی بات چیت ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں گیس لوڈشیڈنگ، جماعت اسلامی نے ڈیڈلائن دے دی
موجودہ ٹاپ رینکنگ کے مطابق ایشیا سے بھارت، اوشنیا سے آسٹریلیا، یورپ سے انگلینڈ اور افریقہ سے جنوبی افریقہ اولمپکس میں کوالیفائی کر سکتی ہیں۔ میزبان ملک امریکہ کی ٹیم یا ویسٹ انڈیز کو بھی موقع مل سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوبل کوالیفائر کے حوالے سے آئی سی سی جلد تفصیلات جاری کرے گی، جس کے بعد ٹیموں کی حتمی صورتحال واضح ہو جائے گی۔





