جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شہریت کی کوشش ناکام، افغان شہری سمیت 4 گرفتار
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جعلسازی کے ذریعے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے افغان شہری سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں صدیق اللہ، سمیع اللہ، فیاض خان اور یونس خان شامل ہیں۔ گرفتار ملزم صدیق اللہ افغان شہری ہے جو جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ یونس خان نے خود کو صدیق اللہ کا والد ظاہر کیا اور اس جعلسازی میں مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ فیاض خان اور سمیع اللہ نے بطور گواہ اور تصدیق کنندگان کے کردار میں حصہ لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق صدیق اللہ کی جعلی پاکستانی شہریت کی غیر قانونی تصدیق کی گئی تھی، جس کے بعد تمام ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہریت اور دیگر سرکاری دستاویزات میں کسی بھی قسم کی جعلسازی کی اطلاعات فوری طور پر متعلقہ حکام کو فراہم کریں تاکہ اس طرح کے جرائم کی روک تھام کی جا سکے۔
اس کامیاب کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایف آئی اے جعلسازی اور غیر قانونی دستاویزات کے معاملات میں سخت رویہ اختیار کر رہی ہے، اور شہریوں کو قانونی راستوں پر رہنے کی ترغیب دے رہی ہے۔





