اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر ملک بھر کے سیاسی رہنماؤں نے گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صحافت اور سیاست میں اعلیٰ روایات کے علمبردار تھے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی ناقابل فراموش سیاسی روایات کے علمبردار تھے اور پاکستانی سیاست ایک شاندار اور باوقار سیاستدان سے محروم ہو گئی۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ مرحوم سیاست کا وقار تھے اور تادیر یاد رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹر عرفان صدیقی دو ہفتے سے سانس کی تکلیف کے باعث اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ عرفان صدیقی صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں بھی شمار ہوتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : صدر مملکت نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی قائد سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر زرداری نے مرحوم کے خاندان سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی نے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔
انہوں نے مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔





