اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہو گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عرفان صدیقی نے ہمیشہ علم، برداشت، سنجیدگی اور دلیل کو اپنی تحریر اور شخصیت کا محور بنایا۔ وہ مسلم لیگ ن کے ایک اہم رکن اور میرے قریبی ساتھی تھے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف اور جماعت کے وفادار ساتھیوں میں عرفان صدیقی کا شمار ہوتا تھا اور ان کی جماعت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عرفان صدیقی کی علمی خدمات اور قومی بصیرت آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوں گی۔
وہ شفیق، منکسر المزاج اور بے حد نفیس انسان تھے اور ہر موقع پر مثبت سوچ اور علمی دیانت کے ساتھ رہنمائی کرتے رہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عرفان صدیقی کا انتقال میرے لیے، علمی دنیا کے لیے اور معاشرے کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں : سینیٹر عرفان صدیقی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، مریم نواز اور محسن نقوی کا اظہار افسوس
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر ملک بھر کے سیاسی رہنماؤں نے گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صحافت اور سیاست میں اعلیٰ روایات کے علمبردار تھے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی ناقابل فراموش سیاسی روایات کے علمبردار تھے اور پاکستانی سیاست ایک شاندار اور باوقار سیاستدان سے محروم ہو گئی۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ مرحوم سیاست کا وقار تھے اور تادیر یاد رکھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹر عرفان صدیقی دو ہفتے سے سانس کی تکلیف کے باعث اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ عرفان صدیقی صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں بھی شمار ہوتے تھے۔





