مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرا دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ انتہائی مخلص اور بااعتماد ساتھی عرفان صدیقی کی وفات سے دل پر گہرا صدمہ ہوا ہے۔ ’’میرے دل میں عرفان صدیقی کی بہت اچھی اور لازوال یادیں ہیں‘‘
نواز شریف نے کہا کہ عرفان صدیقی کی وفات ایک عزیز ترین بھائی کے بچھڑ جانے کے مترادف ہے، جس کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے سینیٹر عرفان صدیقی کے قلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ حق اور سچ کے لیے لکھتے رہے۔
انہوں نے اہلخانہ کے ساتھ اپنی ہمدردیاں بھی ظاہر کرتے ہوئے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ عرفان صدیقی کو جنت کے اعلیٰ درجات عطا فرمائے اور اہلخانہ کو صبر جمیل دے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے علیل تھے اور اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔
سینیٹر عرفان صدیقی سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ طویل عرصے تک سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی رفقاء میں شامل رہے اور مختلف ادوار میں حکومتی اور سیاسی امور پر نمایاں کردار ادا کیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، مرحوم کی نمازِ جنازہ آج سہ پہر 4 بجے ایچ-الیون قبرستان اسلام آباد میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد وہیں تدفین عمل میں آئے گی۔
سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال کی خبر سن کر سیاسی، صحافتی اور ادبی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف سیاسی رہنماؤں نے ان کی وفات پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی کی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔





