قومی اسمبلی کا اجلاس شروع، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے 27 ویں آئینی ترمیم کا بل پیش، دو نئے تعلیمی اداروں کے قیام کے بل بھی منظوری کیلئے شامل ۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہو گیا ہے، جس کا 11 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا گیا تھا۔ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27 ویں آئینی ترمیم کا بل منظوری کے لیے پیش کیا۔
وزیر قانون نے اجلاس میں کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم کا بل سینیٹ سے دو تہائی اکثریت سے منظور ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کو شامل ہونا چاہیے تھا۔
اجلاس میں حکومت کی جانب سے دو نئے تعلیمی اداروں کے قیام کے بل بھی منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم کا بل 64 ووٹوں کے ساتھ منظور کیا گیا تھا، جبکہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں پڑا۔ دوسری جانب متحدہ اپوزیشن نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاسوں کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
یہ ترمیم ملکی آئین میں اہم تبدیلیوں کی بنیاد رکھتی ہے اور سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس کا اثر آئندہ پارلیمانی کارروائیوں پر نمایاں ہو سکتا ہے۔





