ضلع خیبر میں ملک بھر کی طرح بارہ روزہ انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم 17 نومبر سے شروع ہو رہی ہے جو 29 نومبر تک جاری رہے گی۔
مہم کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ نے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح بھی کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بلال شاہد راؤ کی زیر صدارت جرگہ ہال ڈی سی آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نسیم اللہ شاہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر امان اللہ، ضلعی سربراہ محکمہ صحت ڈاکٹر فیصل کمال، محکمہ تعلیم مردانہ و زنانہ، محکمہ صحت (EPI)، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، سی اینڈ ڈبلیو، بلدیات، زراعت، پبلک ہیلتھ، ایریگیشن، سوشل ویلفیئر، اسپورٹس و امورِ نوجوانان سمیت دیگر محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس میں سیکیورٹی، آگاہی مہم، انتظامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مہم کے دوران مختلف ٹیمیں ضلع بھر میں ایک لاکھ چوراسی ہزار سے زائد بچوں جن کی عمریں 6 ماہ سے 5 سال تک ہیں کو خسرہ و روبیلا کے حفاظتی ٹیکے لگائیں گی۔
ٹیکہ کاری سکولوں، مدارس، گھروں کی دہلیز، پبلک مقامات اور موبائل ٹیموں کے ذریعے کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر بلال شاہد راؤ نے کہا کہ ضلعی سطح پر تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں تک رسائی ممکن ہو سکے اور خسرہ و روبیلا جیسے موذی امراض سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا، سکولوں میں خسرہ اور روبیلا ویکسینیشن مہم کا اعلان
یہ مہم بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے، حکام نے والدین سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو لازمی طور پر حفاظتی ٹیکے لگوائیں تاکہ وہ ان مہلک بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔





