سرد موسم کے باوجود خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں کمی نہ آسکی، مزید 56 کیسز رپورٹ ہو گئے۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 56 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں اس وقت ڈینگی کے فعال مریضوں کی تعداد 376 ہے جبکہ رواں سال ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 825 تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 36 نئے مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل کیے گئے جس کے بعد اس وقت صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج مریضوں کی تعداد بھی 36 ہو گئی ہے۔
رواں سال مجموعی طور پر 1 ہزار 998 مریضوں کو ڈینگی کے باعث ہسپتالوں میں داخل کیا گیا۔
محکمہ صحت کے مطابق اب تک 5 ہزار 447 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ رواں سال ڈینگی سے 2 مریضوں کی موت بھی واقع ہو چکی ہے۔
ضلع وار صورتحال کے مطابق نوشہرہ میں 14، مردان میں 8، چارسدہ میں 6 جبکہ باجوڑ میں 4 ڈینگی کے مریض اس وقت زیر علاج ہیں۔
محکمہ صحت نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع خیبر میں انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم 17 نومبر سے شروع ہوگی
یاد رہے ضلع خیبر میں ملک بھر کی طرح بارہ روزہ انسدادِ خسرہ و روبیلا مہم 17 نومبر سے شروع ہو رہی ہے جو 29 نومبر تک جاری رہے گی۔
مہم کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ نے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح بھی کر دیا ہے۔
یہ مہم بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے، حکام نے والدین سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو لازمی طور پر حفاظتی ٹیکے لگوائیں تاکہ وہ ان مہلک بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔





