بانی پی ٹی آئی قیدی نمبر 804 نہیں ،420 ہے، احسن اقبال

اسلام آباد:وفاقی وزیر احسن اقبال کا خطاب پاکستان امن چاہتا ہے مگر کمزوری ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے دشمنوں کو نشانِ عبرت بنایا جائے گا اور شہدا قوم کا فخر ہیں۔

احسن اقبال نے اپنے خطاب میں سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی پر شدید تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں عبرت کی مثال بنے بیٹھے ہیں۔

ہم نے جب بھی ملک کو ترقی کے راستے پر ڈالا تو سازشوں نے راستہ روکنے کی کوشش کی۔ جن لوگوں نے ہمیں چور اور ڈاکو کہا، آج خود 190 ملین پاؤنڈ کے اسکینڈل میں جیل کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پوری قوم کو دھوکہ دیا اور ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا مالی گھپلا کیا۔

پی ٹی آئی والوں کو چاہیے کہ قوم سے معافی مانگیں، کیونکہ ان کا لیڈر ہی سب سے بڑا ڈاکا ڈالنے والا نکلا۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان کیساتھ مذاکرات میں خیبرپختونخوا کے سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے،وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

وفاقی وزیر نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی دور میں وزیراعظم ہاؤس میں کالا جادو اور توہمات کا سہارا لیا جاتا رہا۔ کیا ایٹمی ملک ایسے چلایا جاتا ہے؟ انہوں نے سوال اٹھایا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے کبھی نچلی سطح پر کوئی انتظامی ذمہ داری نہیں نبھائی، وہ ملک میں نیا نظام لانے کی باتیں کرتے رہے۔

انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قیدی نمبر 804 نہیں بلکہ 420 ہیں، اور اسمبلی میں ان کی رہائی کے نعرے لگانا شرم کی بات ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام کو اب حقیقت سمجھنی ہوگی کہ ملک کو مشکلات میں کس نے دھکیلا اور استحکام کی راہ میں کون رکاوٹ بنا۔

Scroll to Top