دسمبر میں بارشوں کی پیشگوئی، پنجاب اسموگ کی لپیٹ میں ملک بھر میں سرد و خشک موسم برقراررہے گی ۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک موسم جاری ہے جبکہ پنجاب کے کئی بڑے شہروں میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ محکمہ موسمیات نے دسمبر کے آغاز میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بارشیں اسموگ کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر
لاہور میں اسموگ مسلسل شدت اختیار کر رہی ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 200 سے زائد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ متعدد علاقوں میں AQI 400 سے اوپر جا پہنچا ہے، جو شہریوں کی صحت کے لیے نہایت مضر ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ سطح “خطرناک” درجہ بندی میں آتی ہے۔
دیگر شہروں کی صورتحال
گوجرانوالہ، گجرات، ملتان: پنجاب کے یہ شہر بھی شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں اسموگ نے روزمرہ معمولات کو متاثر کیا ہوا ہے۔شہریوں کو سانس، گلے اور آنکھوں کی جلن کی شکایات میں اضافہ محسوس ہو رہا ہے۔
دسمبر کے آغاز میں بارشوں کا امکان
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں بارشوں کا امکان ہے، جو پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں فضا کی بہتری کا باعث بن سکتی ہے۔ بارشیں نہ صرف آلودگی میں کمی لائیں گی بلکہ خشک موسم کی شدت کو بھی کم کریں گی۔
خیبرپختونخوا:صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں آئندہ چند روز تک موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب:بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور ٹھنڈا رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں اسموگ برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چند مقامات پر ہلکی دھند بھی پڑ سکتی ہے۔مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈ بڑھنے کی توقع ہے۔
سندھ:سندھ کے بیشتر شہروں میں موسم خشک اور معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان:زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک، جبکہ شمالی علاقوں میں سردی میں اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
احتیاطی تدابیرمحکمہ موسمیات اور ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اسموگ کے دوران ماسک کا استعمال کریں، صبح و شام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور آنکھوں و سانس کی تکالیف کی صورت میں فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔دسمبر کی متوقع بارشیں اسموگ سے نجات اور موسم کی بہتری کا باعث بن سکتی ہیں، جس کا شہری بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔





