بھارتی رافیل منصوبہ ناکام، امریکی کانگریس نے مئی جنگ میں پاکستان کی فتح تسلیم کر لی

بھارتی رافیل منصوبہ ناکام، امریکی کانگریس نے مئی جنگ میں پاکستان کی فتح تسلیم کر لی

امریکی کانگرنس کی رپورٹ نے عالمی سطح پر صاف واضح کردیا کہ اس جنگ کا حقیقی فاتح پاکستان تھا

تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کی ایک تازہ رپورٹ نے عالمی سطح پر واضح کر دیا ہے کہ مئی 2025 کی چار روزہ جنگ میں حقیقی فاتح پاکستان تھا۔ یہ جنگ برصغیر کی حالیہ تاریخ کی سب سے شدید جھڑپوں میں سے ایک قرار پائی، اور آخرکار پاکستان کی شاندار حکمت عملی اور جدید ہتھیاروں کے بھرپور استعمال کی بدولت ختم ہوئی۔

امریکی کانگریس کے ’’چین معاشی و سیکیورٹی کمیشن‘‘کی رپورٹ میں کھلے لفظوں میں تسلیم کیا گیا کہ 7 مئی کی جنگ میں پاکستان نے بھارت کو واضح شکست دی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے نہ صرف بہترین فوجی حکمت عملی اپنائی بلکہ جدید چینی ٹیکنالوجی کا بھی بھرپور فائدہ اٹھایا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ بھارتی رافیل طیارے بھی پاکستانی دفاع اور چینی ہتھیاروں کے سامنے بے بس ہو گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ جنگ کے ابتدائی مرحلے میں ہی پاکستان نے کم از کم چھ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، جن میں رافیل بھی شامل تھے۔ بھارت نے ان نقصانوں کا مکمل اعتراف نہیں کیا، مگر سینئر فوجی افسران نے آف دی ریکارڈ یہ تسلیم کیا کہ بھارتی فضائیہ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

پاکستان نے چینی انٹیلی جنس اور جدید ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے بھارت کے 109 ملٹری اہداف کو نشانہ بنایا، اور بھارتی دفاعی لائن میں ایسی دراڑیں ڈالیں جنہیں نئی دہلی اب تک چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ چین نے جنگ میں جدید ہتھیاروں کے عملی تجربے کا بہترین موقع سمجھا، اور پاکستان نے پہلی بار چینی HQ-9 میزائل سسٹم، PL-15 ایئر ٹو ایئر میزائل، اور J-10C لڑاکا طیاروں کا عملی استعمال کیا، جس نے بھارتی فضائیہ کو مکمل طور پر ناکام کر دیا۔

امریکی کمیشن کے مطابق یہ جنگ بھارت کے لیے شدید خفت کا باعث بنی کیونکہ وہ رافیل طیارہ جسے ’’گیم چینجر‘‘ کہا جاتا تھا، پاکستانی دفاع کے سامنے ایک لمحہ بھی قائم نہ رہ سکا۔ بھارت نے اپنی ناکامی چھپانے کے لیے چین پر پاکستان کی مدد کا الزام لگایا، مگر پاکستان نے ہر الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف اپنے دفاع کا حق استعمال تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین نے اپنے ہتھیاروں کی کامیابی کو عالمی مارکیٹ میں پیش کیا، جس کے نتیجے میں کئی ممالک نے رافیل طیارے کی خریداری روک کر چینی J-35 طیاروں میں دلچسپی ظاہر کی۔

یہ جنگ اس وقت شروع ہوئی جب بھارت نے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان پر فضائی حملے کا الزام لگایا۔ پاکستان نے فوری اور سخت ردعمل دیتے ہوئے بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دیا، اور چند ہی گھنٹوں میں بھارت کی ’’سپر پاور‘‘ ہونے کی تصویر زمینی حقیقت سے مختلف ثابت ہوئی۔

چار روزہ جنگ کے بعد امریکہ کی مداخلت پر جنگ بندی ہوئی، مگر امریکی کانگریس کی رپورٹ نے عالمی سطح پر یہ واضح کر دیا کہ مئی 2025 کی جنگ کا حقیقی فاتح پاکستان تھا، اور بھارت آج بھی اپنی فوجی ناکامی کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ جنگ ثابت کرتی ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنی سرزمین کا بھرپور دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :  سپریم کورٹ نے آئینی عدالت کو 22 ہزار سے زائد مقدمات منتقل کردیئے

Scroll to Top