افغانستان میں مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، جس کے تحت ایران اور پاکستان سے ایک دن میں تقریباً 12 ہزار افغان مہاجرین وطن واپس لوٹ آئے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے ہائی کمیشن برائے امورِ مہاجرین کے مطابق ایک ہی دن میں 2,102 افغان خاندانوں کے 11,855 افراد ایران اور پاکستان سے اپنے وطن واپس پہنچے۔ کمیشن نے بتایا کہ وطن واپس آنے والے مہاجرین کو عارضی رہائش، خوراک، پانی، طبی سہولیات اور ٹرانسپورٹ کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں ابتدائی مدد میسر ہو سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 60 لاکھ افغان مہاجرین مقیم ہیں، جن میں بڑی تعداد غیر دستاویزی افراد کی ہے۔ سب سے زیادہ افغان مہاجرین ایران اور پاکستان میں رہائش پذیر ہیں، جہاں وہ مختلف سماجی اور اقتصادی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ وطن واپسی کے عمل کو منظم انداز میں جاری رکھا جائے گا اور واپس آنے والے مہاجرین کو ضروری سہولیات اور حفاظتی اقدامات فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کا وطن میں دوبارہ آغاز محفوظ اور آسان ہو۔





