دبئی: دبئی ایئر شو 2025 نے 2023 کے مقابلے میں دگنے معاہدوں کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، جس میں 202 ارب ڈالر سے زائد کے تجارتی سودے ہوئے۔
اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ایونٹ میں 2 لاکھ 48 ہزار سے زائد ماہرین، صنعت کے نمائندے اور سیاح شریک ہوئے۔
اس بار 1500 سے زائد نمائش کنندگان نے حصہ لیا جن میں سے 440 پہلی بار شامل ہوئے، جبکہ 115 ممالک کی 490 فوجی اور سول وفود بھی شریک رہیں، جس سے ایئر شو کی بین الاقوامی اہمیت واضح ہوئی۔
نمایاں معاہدوں میں ایمریٹس ایئر لائن کا بوئنگ سے 65 اضافی 777-9 طیارے اور ایئربس سے 8 A350-900 طیارے خریدنے کا معاہدہ شامل ہے، جس کی مجموعی مالیت 41.4 ارب ڈالر ہے۔
اس ایونٹ میں اس بار تاریخ کا سب سے بڑا اسپیس پویلین بھی پیش کیا گیا، جو متحدہ عرب امارات اسپیس ایجنسی کے تعاون سے منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : دبئی ایئر شو 2025: پاکستان کے تھنڈر JF-17 کے کرتب نے ہر آنکھ اپنی طرف موڑ لی
دبئی کے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جاری ایئر شو 2025 میں پاکستان کا تھنڈر طیارہ JF-17 نے شائقین اور ماہرین کی توجہ حاصل کر لی۔
ایئر شو میں دنیا بھر کی فضائی اور دفاعی صنعت کی نمایاں شخصیات شریک ہیں، جبکہ تقریباً 15 سو کمپنیوں، ایک لاکھ 48 ہزار وزیٹرز، 115 ممالک کے 490 سرکاری و نجی وفود اور 200 سے زائد طیارے اس ایونٹ میں شامل ہیں۔
پاکستان کے JF-17 طیارے نے شاندار فضائی کرتب اور اپنی مہارت سے شرکاء کو متاثر کیا۔
ایئر شو میں موجود لوگ پاکستانی تھنڈر طیارے کے ساتھ تصاویر بنوا رہے تھے اور اس کی خصوصیات کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے تھے۔
ایئر شو میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے طیارے ایک دوسرے کے قریب ڈسپلے میں کھڑے رہے، جس نے شائقین اور ماہرین کی خاص توجہ حاصل کی۔
پانچ روزہ اس ایونٹ میں عالمی سطح پر دفاعی معاہدے، نئی ٹیکنالوجیز کے لانچز اور فلائنگ ڈسپلے جاری رہیں گے۔





