فورسز کی قربانیوں پر فخر، امن کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے، گورنر خیبر پختونخوا

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلسل افغان حکام کو آگاہ کرتا رہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، اور پاکستان کو اس کا جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے۔

ایف سی ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ دہشتگرد حملوں میں شہید ہونے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنی فورسز پر فخر کرتے ہیں جو روزانہ اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر فتنہ و خوارج کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بارہا افغانستان کو بتایا کہ دہشتگرد پاکستان پر حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ناگزیر ہیں اور جب تک ایسے آپریشن نہیں ہوں گے امن قائم نہیں ہوسکتا۔

گورنر نے افغانستان کی عبوری حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی خدمت کے لیے سنجیدہ ایجنڈے پر نہیں چل رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے برسوں افغان شہریوں کی میزبانی کی، لیکن اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ مستقبل میں افغانستان کے ساتھ کس پالیسی پر آگے بڑھنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان مفاد پرست گروہ ہے، ان پر اعتماد کرنا بے فائدہ ہے، خواجہ آصف

جبکہ دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ طالبان ایک ایسا گروہ ہے جو صرف ذاتی مفادات کے لیے چلتا ہے، اس لیے ان کی باتوں کو سنجیدگی سے لینا یا ان پر بھروسہ کرنا کسی صورت فائدہ مند نہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فورسز انتہائی منظم اور ڈسپلنڈ ہیں، جبکہ طالبان کے پاس نہ کوئی واضح اصول ہیں اور نہ ہی کوئی کوڈ آف کنڈکٹ۔

ہمیں طالبان سے کسی بھلائی کی توقع نہیں، انہوں نے کہا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دنیا کے کسی مذہب یا معاشرے میں یہ قابلِ قبول نہیں کہ کوئی گروہ کسی ملک کی سرزمین استعمال کر کے خونریزی اور تباہی پھیلائے۔

انہوں نے سوال کیا کہ طالبان جس شریعت کا دعویٰ کرتے ہیں، وہ کس اصول کے تحت لوگوں کی جان و مال کو نقصان پہنچاتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، کیونکہ امن قائم ہوگا تو پورا خطہ اس کے مثبت اثرات سمیٹے گا۔

وزیر دفاع نے ایک بار پھر کہا کہ طالبان کے طرزِ عمل میں آج تک کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئی اور وہ اپنے ملک و قوم کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

Scroll to Top