سردی، دھند اور بلوچستان میں موسلا دھار بارشیں،محکمہ موسمیات نے پورے مہینے کے موسمی حالات کی پیشگوئی کر دی
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کا امکان ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے، اور اگلے چند روز کے دوران شمالی علاقوں میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو گا۔ شمالی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دسمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مغربی ہوائیں 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوں گی اور بارشوں کا یہ سلسلہ پورے مہینے وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
بلوچستان کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ سمیت دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی اور دھند کے دوران احتیاط کریں اور بلوچستان میں آنے والے موسمی حالات کے حوالے سے تیار رہیں۔





