اسلام آباد: سینیٹ کا اجلاس آج شام 4 بجے منعقد ہوگا، جس کے لیے 7 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں وقفۂ سوالات شامل ہے جس میں اراکینِ سینیٹ کے سوالات پر متعلقہ وفاقی وزراء جوابات دیں گے۔
ایجنڈے کے مطابق سینیٹر علی ظفر قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کی رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے۔ یہ رپورٹ مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کی جانب سے 15 جولائی کو اٹھائے گئے صحافیوں کے مسائل سے متعلق ہے۔
اجلاس میں نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی بل مزید غور کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ وزیرِ قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اس بل کی منظوری کے لیے تحریک پیش کریں گے۔
ایجنڈے میں سابق اور موجودہ ارکانِ پارلیمنٹ کے بینک اکاؤنٹس کی بندش سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہے، جو سینیٹر جان محمد پیش کریں گے۔
اسی طرح چترال سمیت مختلف علاقوں کی خستہ حال سڑکوں کی مرمت و بحالی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ یہ نوٹس سینیٹر طلحہ محمود کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔
سینیٹ اجلاس میں اہم قانون سازی، عوامی مسائل اور پارلیمانی امور پر بحث متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے ٹرن آؤٹ کے اعداد و شمار جاری کر دیے
جبکہ دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حالیہ ضمنی انتخابات میں ووٹرز ٹرن آؤٹ سے متعلق تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مجموعی ٹرن آؤٹ 28.58 فیصد رہا۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقوں میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ این اے 18 ہری پور میں ریکارڈ کیا گیا جہاں ووٹرز ٹرن آؤٹ 42.9 فیصد رہا۔
این اے 185 میں ٹرن آؤٹ 32.61 فیصد جبکہ این اے 96 فیصل آباد میں 26.46 فیصد ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
دیگر حلقوں میں ٹرن آؤٹ یوں رہا:
این اے 143 ساہیوال: 21.43 فیصد
این اے 129 لاہور: 18.67 فیصد
این اے 104 فیصل آباد: 13.23 فیصد





