امداد کی تاخیر نے بونیر کے سیلاب زدگان کی مشکلات بڑھا دیں، 750 امدادی چیکس کیش نہ ہوسکے

امداد کی تاخیر نے بونیر کے سیلاب زدگان کی مشکلات بڑھا دیں، 750 امدادی چیکس کیش نہ ہوسکے

750 امدادی چیکس کیش نہ ہونے سے بونیر کے سیلاب متاثرین کا صبر جواب دے گیا، امداد کی تاخیر نے مشکلات بڑھا دیں

تفصیلات کے مطابق بونیر میں سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، کیونکہ حکومت کی جانب سے فراہم کیے گئے 750 امدادی چیکس ابھی تک کیش نہیں ہو سکے۔ متاثرین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امدادی رقم کی تاخیر نے ان کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے اور وہ موسم سرما اپنی چھت تلے گزارنے کے لیے فوری امداد کے منتظر ہیں۔

بینک حکام نے بتایا کہ موصولہ چیکس کی ادائیگی میں تاخیر کی بنیادی وجہ حکومتی اکاؤنٹ میں رقم کی عدم دستیابی ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ تقریباً 750 امدادی چیکس ابھی تک کلئیر نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے ان کے گھروں کی تعمیر اور کاروبار کی بحالی متاثر ہو رہی ہے۔

اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریلیف بونیر نے بتایا کہ اب تک ایک ارب 25 کروڑ روپے متاثرین کو فراہم کیے جا چکے ہیں اور جیسے ہی مزید فنڈز موصول ہوں گے، باقی چیکس بھی جلدی کلئیر کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے مزید رقم جلد ریلیز کی جائے گی اور کابینہ میں اس معاملے پر بات بھی ہو چکی ہے۔

متاثرین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری اقدامات کرے تاکہ وہ اپنی زندگی معمول کے مطابق جاری رکھ سکیں اور موسم سرما کی سختیوں کا سامنا اپنی چھت تلے کر سکیں۔

واضح رہے کہ بونیر میں حالیہ سیلاب نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی تھی، جس کے نتیجے میں ہزاروں خاندان بے گھر ہوئے اور بنیادی سہولیات شدید متاثر ہوئیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ امدادی عمل میں تاخیر نے پہلے سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے اور حکومتی غفلت کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور، ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملے میں استعمال ہونیوالی موٹرسائیکل چوری کی نکلی

Scroll to Top