وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمد سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دے دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ گورکھپورناکے کےقریب اڈیالہ روڈ پر اپنے کارکنوں کے ساتھ بیٹھ گئے ہیں۔
پولیس نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کو جیل کی طرف جانے سے روک دیاجس پرسہیل آفریدی نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جائے گی ہم بیٹھے رہیں گے۔
دھرنے کے دوران سہیل آفریدی اور دیگر رہنماوں نے اڈیالہ روڈ پر نماز مغرب ادا کی۔سہیل آفریدی اور دیگر رہنماوں نے روڈ پر مصلے بچھا کر نماز ادا کی۔ دھرنے کی وجہ سے اڈیالہ روڈ پر ٹریفک متاثر ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائی کورٹ نے سینیٹر خرم ذیشان کی ضمانت میں توسیع کر دی
اس موقع پرصوبائی وزیر مینا خان، شاہد خٹک اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ شفیع جان بھی دھرنے میں ان کے ہمراہ موجود ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ان سے ملاقات کے حوالے سے پارلیمنٹ میں بایرگفتگو کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں اور ہر صورت ان سے ملاقات ہونی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے آخری ملاقات چار نومبر کو ہوئی تھی، تاہم نہ وکلاء، نہ فیملی کے افراد اور نہ ہی پارٹی لیڈرشپ کو ملاقات کی اجازت دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے نہ عدالتوں کے احکامات پر عمل کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ہماری درخواست کو تسلیم کیا جا رہا ہے، جو سب یک طرفہ اور غلط ہے۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ ہم ہری پور کا الیکشن 27 ہزار ووٹ سے جیت چکے ہیں، لیکن افسوس ہوتا ہے کہ ہم اس کا دفاع نہیں کر سکے۔





