سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دلچسپ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو آخری اوور تک جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے اس میچ میں 185 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 7 وکٹوں پر 178 رنز تک محدود رہی۔
میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا جب دشمنتھا چمیرا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو درکار 10 رنز بنانے کا موقع نہ دیا۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی افریقہ کے کھلاڑی نے بھارت کے خلاف میچ میں 51سالہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا
قومی کپتان سلمان علی آغا کی 63 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو جیت نہ دلا سکی۔ عثمان خان 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے جبکہ صائم ایوب اور محمد نواز نے 27، 27 رنز کا حصہ ڈالا۔
بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے اور صاحبزادہ فرحان 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے چمیرا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشان ملنگا نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
یہ بھی پڑھیں : ویسٹ انڈیز کے کپتان نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا
اس سے پہلے سری لنکا نے ٹاس کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے تھے۔
کامل مشارا کی 76 رنز کی دلکش اننگز سری لنکا کے اسکور کی بنیاد بنی، جس میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
کوسل مینڈس نے 40 رنز بنائے جبکہ جنتھ لیانگے 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان داسن شاناکا 17 رنز پر رن آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم کے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی، اسپنر عثمان طارق اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا جبکہ فاسٹ بولر سلمان مرزا اور ابرار احمد دوبارہ فائنل الیون میں شامل کیے گئے ہیں۔





