عباس خان
باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے راغگان میں پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق صوبائی وزیر اور ایم پی اے انور زیب خان کی رہائشگاہ کے قریب بم دھماکا ہوا،جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرباجوڑ وقاص رفیق نے بتایا کہ پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی انور زیب کے حجرے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایم پی اے انور زیب خان حجرے میں موجود نہیں تھے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ڈی پی او نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے شہری کو اسپتال منتقل کیا گیا اور ان کی شناخت محمد زیر کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تاجکستان میں افغانستان سے ڈرون حملہ، تین چینی شہری ہلاک
ایم پی اے انور زیب خان نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئےجبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیاہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق انورزیب خان کی رہایش گاہ پر حملہ زاتی شاخسانہ لگتا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے انور زیب خان کی رہائشگاہ کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو دھماکے کی فوری اور جامع تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان قائم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے آئی جی پولیس سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ حملے کے محرکات کا فوری طور پر پتہ لگایا جا سکے۔
سہیل آفریدی نے اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے نہ تو عوام کے حوصلے پست کر سکتے ہیں اور نہ ہی سیاسی قیادت کے عزم کو کمزور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زخمی ہونے والے شخص کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ باجوڑ میں کسی منتخب نمائندے کے گھر پر یہ پہلا حملہ نہیں ہے ۔اس سے قبل گذشتہ ماہ وفاقی وزیرمملکت مبارک زیب خان کے گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم سے حملہ کیا گیا۔
حملے میں دستی بم پھٹنے سے گھر کے باہر کھڑی گاڑی کو شدید نقصان پہنچاتاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
باجوڑ میں مبارک زیب خان کے گھر پر یہ تیسرا حملہ تھا۔





