پشاور: حسن خیل گیس پائپ لائن واقعہ کے بعد متبادل روٹ سے سپلائی شروع کردیا

پشاور: پشاور میں سوئی گیس پائپ لائن دھماکے کے بعد صورتحال بہتر ہونے لگی ہے۔

سوئی گیس حکام کے مطابق کرک اور کوہاٹ سے واہ کینٹ، اٹک اور نوشہرہ سے پرانے روٹ کے تحت متبادل سپلائی جاری کر دی گئی ہے۔

گھریلو اور صنعتی صارفین کو متاثرہ علاقے میں کھانا پکانے کے اوقات میں بہتر گیس پریشر فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

حکام نے بتایا کہ پائپ لائن کی مکمل مرمت میں مزید دو دن لگ سکتے ہیں، لیکن کوئی بڑا علاقہ اس دھماکے سے متاثر نہیں ہوا۔

سوئی گیس حکام نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں گیس کے استعمال میں احتیاط کریں تاکہ تمام علاقوں میں متوازن سپلائی برقرار رہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: حسن خیل میں 24 انچ گیس پائپ لائن دھماکے سے متاثر، گیس کی فراہمی معطل

 یاد رہے کہ گزشتہ دن پشاور کے علاقے حسن خیل میں گیس پائپ لائن میں دھماکے کے باعث 24 انچ کی مرکزی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، جس سے پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور سوات میں گیس کی سپلائی متاثر ہو گئی ہے۔

جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس وقاص شنواری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ یہ دھماکا کرک سے نوشہرہ جانے والی مرکزی گیس پائپ لائن میں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی سپلائی بند کرنے کے لیے متعلقہ ٹیمیں فوری طور پر علاقے میں روانہ کر دی گئی ہیں۔دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو آگ سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور سوئی گیس حکام کو فوری طور پر گیس کی سپلائی بند کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے

لوکل ذرائع کے مطابق جنوبی اضلاع سے آنے والی مرکزی پائپ لائن کی یہ ہنگامی صورتحال پشاور، مردان اور سوات میں گیس کی فراہمی میں مشکلات پیدا کر رہی ہے، جبکہ سی این جی اسٹیشنز کو عارضی طور پر گیس کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔

سوئی ناردرن گیس حکام نے اعلان کیا ہے کہ صارفین کو دن میں تین وقت گیس فراہم کی جائے گی اور مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے۔

Scroll to Top