ہنگو دورہ، جو بھی امن و امان خراب کرے گا اسے انجام تک پہنچائیں گے، آئی جی خیبرپختونخوا

پشاور: انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع ہنگو کا اچانک دورہ کیا اور پولیس جوانوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے ان کے ساتھ دربار میں شریک ہوئے۔

آئی جی کے ہمراہ آر پی او بنوں سجاد خان، پی ایس او ٹو آئی جی پی شہزادہ کوکب فاروق، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو، آر پی او کوہاٹ عباس مجید مروت، کمشنر کوہاٹ ریجن، ڈی پی او ہنگوخانزیب خان مہمند اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی، شہداء کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔

آئی جی نے کہا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے پولیس فورس کے مورال کو پست نہیں کر سکتے اور شہداء کے خون سے امن و سلامتی کی بہار آئے گی۔

آئی جی نے پولیس جوانوں کو یقین دلایا کہ ہنگو پولیس بہادری اور قربانی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہر محاذ پر دشمن کا مقابلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دشمن جدید اسلحے سے لیس ہے، لیکن پولیس بھی ہر جدید ایکوپمنٹ استعمال کرے گی تاکہ فتنہ پرور عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں پولیس ویلفیئر کے بجٹ میں تقریباً تین گنا اضافہ کیا گیا ہے، اور اہلکاروں کے بچوں کے لیے صحت اور تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پرحملے میں تین اہلکار شہید

اس اقدام کا مقصد پولیس اہلکاروں کے مورال کو بلند رکھنا اور انہیں مؤثر انداز میں فرائض انجام دینے کے قابل بنانا ہے۔

بعد ازاں آئی جی خیبرپختونخوا نے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی، تعزیت کی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن انتہائی شاطر اور مکار ہے، مگر شہداء کے خون کا رائیگاں جانا ممکن نہیں اور ہر امن و امان خراب کرنے والے کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔

Scroll to Top