عوامی نیشنل پارٹی کیلئے افسوسناک خبر، ایک اور کارکن جاں بحق

2025 کا سال عوامی نیشنل پارٹی کیلئے ہولناک ثابت ہوا، ایک اور کارکن فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا ہے۔

صوابی میں عوامی نیشنل پارٹی مانیری کے سالار منیر خان کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا ہے۔

حادثے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے۔

مقتول کے قتل کی ایف آئی آر تھانہ صوابی میں درج کر لی گئی ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے اچانک فائرنگ کی جس کے نتیجے میں منیر خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور پولیس ممکنہ ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔

واضح رہے کہ 11 نومبر 2025 کو پشاور کے علاقے سول کوارٹرز روڈ پر نامعلوم افراد نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما اور سابق ناظم اول خان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا، جبکہ ان کے ساتھی کرامت ولد کریم زخمی ہو گئے تھے۔

مقتول اول خان عوامی نیشنل پارٹی کے سابق کونسلر اور معروف سماجی شخصیت تھے۔ پولیس کے مطابق، یہ واقعہ تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں پیش آیا جہاں انہیں نشانہ بنایا گیا۔

اول خان کا ڈبگری گارڈن میں اپنا دفتر بھی تھا۔ پولیس کے مطابق، مقتول پراپرٹی کے کاروبار کے علاوہ کار پارکنگ اور ہوٹلنگ کے شعبے سے بھی وابستہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اے این پی کے سینئر رہنما مولانا خانزیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق

 10 جولائی 2025 کو خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب اور پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

مولانا خان زیب ’امن پاسون جرگے‘ کے سلسلے میں علاقے میں مہم چلا رہے تھے کہ شنڈئی موڑ کے مقام پر انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے، جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہو گیا تھا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ مولانا خان زیب امن ریلی کی مہم سے واپس گھر جا رہے تھے، جب ان کی گاڑی پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ اور ایک پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہو گئے۔

Scroll to Top