متحدہ عرب امارات کا قومی دن پر بڑا اعلان

متحدہ عرب امارات میں 54ویں قومی دن عید الاتحاد کے موقع پر ملک بھر کی جیلوں سے بڑی تعداد میں قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا گیا ہے۔

بین القوامی میڈیا کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اصلاحی مراکز سے2 ہزار 937 افراد کی رہائی کی منظوری دی ہے۔

اماراتی صدر نے نہ صرف قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا بلکہ ان پر عائد وہ مالی جرمانے بھی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے جو ان کی سزاؤں کا حصہ تھے۔

دوسری جانب دبئی کے حکمران، نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 2 ہزار 25قیدیوں کو آزادی دینے کا اعلان کیا ہے۔

دبئی پبلک پراسیکیوشن کے مطابق پولیس کے تعاون سے ان قیدیوں کی رہائی کے لیے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

مختلف ریاستوں میں بھی قیدیوں کی رہائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ عجمان میں 225، فجیرہ میں 129، شارجہ میں 366جبکہ راس الخیمہ میں854 قیدیوں کو معافی دی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق رہائی پانے والے افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ انہیں اچھے رویے، اصلاحی کارکردگی اور اہلیت کے معیار پر پورا اترنے کے بعد منتخب کیا گیا، جبکہ یہ تمام افراد اپنی سزا کا ایک حصہ مکمل کر چکے ہیں اور کسی سنگین جرم میں ملوث نہیں تھے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کاقومی دن ہر سال 2 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ یہ صرف ملک کے قیام کی سالگرہ نہیں بلکہ اماراتی قوم کی تعمیر، برادر حکمرانوں کی قیادت اور اتحاد کی پائیدار روح کی بھی علامت ہے۔

قومی دن کا نام گزشتہ سال عید الاتحاد میں تبدیل کیا گیا۔

یہ موقع مقامی عوام کو اپنے ملک کی کامیابیوں، اتحاد اور ترقی کی قدر کرنے اور وطن سے وابستگی کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے۔

2 دسمبر 1971 کو ساتوں امارات نے ایک پرچم تلے جمع ہو کر ایک متحدہ قوم کی بنیاد رکھی، جس کی قیادت بانی قوم، شیخ زاید بن سلطان النہیان نے کی۔

یہ دن امارات کے اتحاد، بصیرت اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے اور اتحاد کی دائمی روح کی علامت ہے، جو اماراتی شناخت کا لازمی حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : گوگل پر یہ چیزیں کھبی سرچ نہ کریں

Scroll to Top