وزیر داخلہ محسن نقوی کا اچانک دورہ، ویزا ایجنٹ مافیا کیخلاف فوری کارروائی، جعلی دستاویزات پر پابندی اور شفاف امیگریشن کے اقدامات کا حکم
تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا بغیر شیڈول اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامات، سکیورٹی اور امیگریشن کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیرِ داخلہ نے ایک ویزا ایجنٹ کی مشکوک سرگرمیوں پر فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق وزیرِ داخلہ نے ڈیپارچر لاؤنج میں ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود افسران سے مسافروں کو درپیش مسائل اور امیگریشن کے طریقہ کار کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے مسافروں کی سہولت اور شفاف امیگریشن کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اقدامات مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ جعلی دستاویزات یا غیر قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک جانے کی کوشش ملک کی بدنامی کا باعث بنتی ہے، اور ریاست ایسی سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دے سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر تصدیق شدہ دستاویزات پر سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیرِ داخلہ نے ایجنٹ مافیا کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پیسے کے لالچ میں معصوم شہریوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں اور ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دینے والے جعلساز عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں‘‘ اور آئندہ امیگریشن کے عمل کو مزید سخت اور شفاف بنانے پر زور دیا۔





