سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے ہرا کر ٹرافی جیت لی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 115 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 18ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 23 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ صائم ایوب 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کپتان سلمان علی آغا 14 رنز بنا سکے جبکہ فخر زمان صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بابر اعظم نے پرسکون انداز میں 32 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح تک پہنچایا، ان کی اننگز میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔
سری لنکا کی طرف سے پون رتھ نائیکے نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہسارنگا اور ملنگا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سری لنکن ٹیم 19.1 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ کامل مشہارا 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کوسل مینڈس 14 اور پتھم نسانکا 11 رنز بنا سکے۔ سری لنکا کے سات کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور شاہین آفریدی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، ابرار احمد نے دو، جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
فائنل سے قبل کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستان نے آج کے مقابلے کے لیے ایک تبدیلی کی اور محمد وسیم جونیئر کی جگہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : سہ ملکی سیریز فائنل ،سری لنکا کا پاکستان کو آسان ہدف





