کرم ،سیکیورٹی فورسز نے پاکستان میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی

 سیکیورٹی فورسز نےضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر مسلح افراد کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔

29 نومبرکو پاک افغان سرحد کے قریب مسلح افراد کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی جو پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے ان افراد کو نشانہ بنایا۔ اچانک جوابی کارروائی کے بعد درانداز مسلح افراد گھبرا کر افغانستان کی جانب فرار ہو گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے 25 نومبر کو سینئر صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ افغان فورسز خوارج اور اسمگلرز کو فائر کا کور فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ افغان فورسز بعض اوقات سرحد پر پاکستانی پوسٹوں پر فائرنگ کر کے انگیج کرتی ہیں تا کہ پاک فوج کا دھیان ان کے فائر پے ہو جائے اور اسی گہما گہمی میں خوارج اور اسمگلر بارڈر کراس کر جائیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے کرم میں پاک افغان سرحد پر پُراسرار نقل و حرکت دیکھی جا رہی ہے، جس پر پاکستانی فورسز اور انٹیلیجنس اداروں کی گہری نظر ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بارڈر سے افغان فورسز یا خوارج کی جانب سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا آہنی ہاتھوں سے جواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : غیر معیاری دودھ تیارکرنے والی فیکٹری پکڑی گئی

Scroll to Top