ٹیرف نے جنگیں روکی، دنیا کے ساتھ تعلقات مستحکم کیے، صدر ٹرمپ 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی انتظامیہ کی ٹیرف پالیسی نے نہ صرف بین الاقوامی تجارتی جھڑپوں کو روکا بلکہ کئی ممالک کے ساتھ امریکا کے تعلقات کو بھی مستحکم کیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے ٹیرف کی بدولت امریکا ایک امیر اور طاقتور ملک بن گیا ہے، کئی ممالک پہلے اسے اپنے مفاد کے لیے استعمال کرتے تھے، لیکن ہماری پالیسیوں کے بعد اب کوئی بھی ملک امریکا کا فائدہ نہیں اٹھا سکتا، ٹیرف نے مہنگائی کم کرنے اور ٹیکسوں میں ریلیف فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

صدر ٹرمپ نے اپنی فوجی قوت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ہماری فوج دنیا کی سب سے مضبوط ہے اور مضبوط قیادت کے ساتھ امریکا عظیم ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ امریکا مخالف قوتیں اب سپریم کورٹ میں ان کے خلاف سرگرم ہیں۔

ٹرمپ نے یہ بھی یاد دلایا کہ ان کی پالیسی کی بدولت پاک بھارت تنازع کے دوران جنگ کو روکنے میں مدد ملی۔

یہ بھی پڑھیں: روس اور یوکرین جنگ ختم کروں گا، امریکی صدر ٹرمپ

انہوں نے مزید کہا کہ اگر ٹیرف کا ہتھیار دستیاب نہ ہوتا تو یہ ممکن نہیں تھا، ان کا کہنا تھا کہ وہ اس تنازع کو ختم کرنے کے لیے تیار تھے اور صرف 24 گھنٹوں میں جنگ رکوا دی گئی۔

صدر ٹرمپ کی یہ رائے عالمی سطح پر امریکی پالیسی کے اثرات اور ان کے تجارتی فیصلوں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

Scroll to Top