خیبرپختونخوا حکومت نے ہری پور ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی انکوائری کا فیصلہ کرلیا ہے۔ معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس ضمن میں جامع انکوائری کا حکم دیا ہے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ کلاس فور سے لے کر ڈسٹرکٹ کمشنر تک تمام سطح پر انکوائری کی جائے گی اور اگر کوئی ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اپنے ماتحت افسران پر مکمل اعتماد ہے، تاہم شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے یہ انکوائری ضروری ہے۔
معاونِ خصوصی نے کہا’’وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے جس طرح انتخابات کا انعقاد کیا، اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو ہری پور ضمنی انتخابات میں دھاندلی سے متعلق ریفرنس بھی بھیج رہی ہے جبکہ پریزائیڈنگ افسران کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں اور ان سے بیان حلفی بھی لیا جا رہا ہے۔
یہ انکوائری کے پی حکومت کی شفافیت کے عزم کا واضح مظہر ہے اور انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کی شفاف تحقیقات کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔





