ملک میں دھند اور فضائی آلودگی کی شدت، موٹر وے ایم-1 بند، لاہور اور بہاولپور سب سے زیادہ آلودہ
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند نے ٹریفک اور شہریوں کی زندگی متاثر کر دی ہے۔ موٹر وے ایم-1 پشاور سے رشکئی تک حد نگاہ کم ہونے کے باعث بند کر دی گئی ہے، جس سے مسافروں اور ٹرک ڈرائیوروں کے لیے شدید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔ حکام نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے پہلے ٹریفک اپڈیٹس ضرور چیک کریں۔
محکمہ ماحولیات پنجاب کی تازہ رپورٹ کے مطابق لاہور میں فضائی آلودگی کا درجۂ اے کیو آئی 397 ریکارڈ کیا گیا، جو پنجاب کا سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار پایا۔ اسی دوران قصور میں 368، مظفر گڑھ میں 315 اور نارووال میں 311 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
عالمی ماحولیاتی ویب سائٹس کے مطابق بہاولپور 389 کے ایئر انڈیکس کے ساتھ ملک کا سب سے زیادہ آلودہ شہر ہے۔ گوجرانوالہ میں 308 ریکارڈ کیا گیا جبکہ لاہور 192 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کے بڑے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی اور دھند بچوں، بوڑھوں اور سانس کی بیماریوں کے شکار افراد کے لیے شدید خطرناک ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ باہر جاتے وقت ماسک استعمال کریں اور زیادہ وقت کھلے ماحول میں گزارنے سے گریز کریں۔





