پشاور: موٹروے ایم ون اچانک بند، بڑی وجہ سامنے آگئی

پشاور: پشاور سمیت موٹروے کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے، جس کے بعد موٹروے ایم-1 کو پشاور سے رشکئی (کلومیٹر 459 تا 498) تک عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق دھند کی شدت کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے، جو ٹریفک کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر موٹروے کے متعدد انٹرچینجز پر ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو انتہائی احتیاط برتیں۔

احتیاطی تدابیر کے طور پر مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی کی رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس لازمی جلائیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، اچانک بریک لگانے سے گریز کریں، سڑک کے کنارے موجود کیٹ آئیز اور لائنز کو فالو کریں اور موبائل فون پر مسلسل لوکیشن یا نقشے کے استعمال سے اجتناب کریں۔

یہ بھی پڑھیں : دھرنے کی اصل کہانی: کارکن نے قیادت کو کھری کھری سنادیں، جانثار کہاں ہیں؟

موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ جیسے ہی حد نگاہ معمول کے مطابق بہتر ہو گی، موٹروے ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دی جائے گی۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر سے قبل موٹروے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر کے صورتحال کی تازہ ترین معلومات حاصل کریں اور دورانِ سفر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بھی اسی ہیلپ لائن سے مدد لیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ شہری موٹروے پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی جان و مال کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔

Scroll to Top