خیبر پختونخوا میں بارش و برفباری کا امکان،پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

محمد اعجاز آفریدی

خیبر پختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں کل(ہفتہ) سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے )نے موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی اقدامات کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلیات، ہری پور، بونیر، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں 13 سے 15 دسمبر کے دوران بارش اور برف باری ہو سکتی ہے۔

اسی طرح پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ اور صوابی میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادارہ کا کہنا ہے کہ برف باری کی وجہ سے ناران، کاغان، کلام، جبوڑی اور دیگر بالائی مقامات میں سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو سکتی ہے جبکہ شدید بارش یا مسلسل برف باری بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ میدانی علاقوں میں دھند کی شدت میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے جس سے حدِ نگاہ متاثر ہوگی اور موٹر ویز و ہائی ویز پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ نے بتایا ہے کہ پیشگوئی کے مطابق آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نکاسی آب کا نظام فعال رکھا جائے اور بارش یا برف باری کے دوران ندی نالوں، دریاؤں اور برساتی چینلز کے قریب رہنے والوں کو احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںجبکہ شہریوں کو برف باری، بارش، تیز ہوا یا ژالہ باری کے دوران بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں بھی غیر ضروری نقل و حرکت سے منع کیا گیا ہے۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top