پولیس کی آپریشنل صلاحیت میں بڑا اضافہ، کے پی پولیس کے لیے جدید اسلحہ، نگرانی کے آلات اور بکتر بند گاڑیاں خریدی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس کی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جدید اسلحہ، نگرانی کے آلات اور بکتر بند گاڑیوں کی بڑے پیمانے پر خریداری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور دہشت گردی سمیت دیگر سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنا ہے۔
دستاویزات کے مطابق پولیس کے لیے 50 بیریٹا اسنائپر رائفلز، 100 اسنائپر رائفلز اور 1250 جدید خودکار ہتھیار ’ٹی ڈبلیو ایس‘ خریدے جائیں گے۔ اس کے علاوہ رات کے وقت نگرانی اور آپریشنز کو مؤثر بنانے کے لیے 430 تھرمل بائنیکیولرز بھی حاصل کیے جائیں گے۔
پولیس کی جدید نگرانی صلاحیت بڑھانے کے لیے 73 سرویلنس ڈرونز اور 330 تھرمل ٹی آئی کیمرے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ڈرون سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے 14 مزید اینٹی ڈرون گنز بھی خریدی جائیں گی۔ دستاویز کے مطابق سرچ آپریشنز کے لیے 4 جدید سرچنگ ڈرونز بھی شامل ہیں۔
دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران پولیس اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے 20 جدید بم ڈسپوزل سوٹس حاصل کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرچ اور آپریشنل سرگرمیوں کے لیے 1 ہزار اسپارٹا کیمرے خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس اہلکاروں کی ذاتی حفاظت کے لیے 6 ہزار بلٹ پروف جیکٹس اور 6 ہزار بلٹ پروف ہیلمٹس فراہم کیے جائیں گے۔ پولیس گاڑیوں کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے 39 گاڑیوں کی فرنٹ اسکرین اور 5 ڈبل کیبن گاڑیوں کی بلٹ پروفنگ کی جائے گی۔
مزید برآں، پولیس کے بیڑے میں 210 بی سیون لیول بکتر بند گاڑیاں اور 1200 آپریشنل بکتر بند گاڑیاں شامل کی جائیں گی، جبکہ موجودہ پولیس گاڑیوں کی سائیڈ آرمَرنگ اور باڈی فیبریکیشن کے کام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ تمام اقدامات خیبر پختونخوا پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے، اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور صوبے میں سیکیورٹی کے مجموعی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔





