الیکشن کمیشن میں سہیل آفریدی کیخلاف ضابطہ اخلاق کیس کی سماعت ، 13 جنوری تک ملتوی
الیکشن کمیشن آف پاکستان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور رکن قومی اسمبلی شہرناز عمر ایوب کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
یہ کیس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی بینچ نے سنا۔ سماعت کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے وکیل علی بخاری نے کمیشن میں تحریری جواب جمع کروایا اور کیس کے ناقابلِ سماعت ہونے سے متعلق درخواست بھی دائر کی۔
تاہم الیکشن کمیشن کے حکام نے نشاندہی کی کہ ناقابلِ سماعت ہونے کی درخواست پر وزیراعلیٰ کے دستخط موجود نہیں تھے، جس پر کمیشن نے وکیل کو ہدایت کی کہ درخواست درست طریقے سے دوبارہ جمع کروائی جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے آئندہ سماعت سے قبل پاور آف اٹارنی جمع کروانے کا بھی حکم دیا، تاکہ قانونی تقاضے مکمل کیے جا سکیں۔ تمام فریقین کو ہدایات جاری کرنے کے بعد کیس کی مزید سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ سماعت میں درخواست کی قانونی حیثیت اور دیگر نکات پر غور کیا جائے گا، جس کے بعد کیس کی سمت کا تعین متوقع ہے۔





