شاہد جان
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ عوام نے ہمیں واضح مینڈیٹ دے کر حکمرانی کی ذمہ داری سونپی ہے۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ نوجوان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی توجہ نمائشی دوروں کے بجائے گورننس اصلاحات، عام آدمی کی فلاح و بہبود اور صوبے کے جائز این ایف سی حصے کی جدوجہد پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ایک ماڈل کی نقل کر رہے ہیں اور وہ ریاستِ مدینہ کا ماڈل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان وزیراعلیٰ اپنے محبوب قائد کے وژن اور اصولی سیاست کے تحت عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور عوام کی طاقت سے ایک بار پھر ایوان میں آئین و قانون کی بالادستی قائم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سچ کی للکار سے جھوٹے اور من گھڑت مقدمات خود دفن ہو جائیں گے، جبکہ جو فارم 47 پر آئے ہیں انہیں بند کمروں میں فیصلے کرنے کا کوئی اخلاقی یا جمہوری اختیار حاصل نہیں۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ افہام و تفہیم پر مبنی مربوط اور پائیدار حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر شفیع جان کی جانب سے تحریک کے لیے لاہور آنے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نےکہا تھاکہ لاہور میں صرف ویڈیوز بنانے اور گھومنے پھرنے کی حد تک اجازت ہوگی، کسی قسم کی فساد انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ جو لوگ گزشتہ 12 سال سے خیبرپختونخوا کا بیڑہ غرق کر چکے ہیں، وہ لاہور آئیں، یہاں کی ترقی دیکھیں اور اس سے سیکھ کر واپس جائیں۔





