قومی اداروں کی نجکاری کی بجائے حکومت کی نجکاری کی جائے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ قومی اداروں کی نجکاری کی بجائے حکومت کی نجکاری کیوں نہ کر دی جائے کیونکہ موجودہ حکمران عوام پر بوجھ بن چکے ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کو اس حکومت سے جان چھڑانا ہو گی، اگر عوام خود سڑکوں پر نکل آئے تو کچھ بھی باقی نہیں بچے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکمران طبقے کی نجکاری کی جانی چاہیے کیونکہ یہ طبقہ ملک اور عوام دونوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد میں بیٹھ کر پریس کانفرنسیں کی جاتی ہیں اور کہا جاتا ہے کہ انہیں بھتے کی پرچیاں مل رہی ہیں لیکن کراچی میں ڈاکوؤں اور بھتہ خوروں کو لگام دینے کے لیے کوئی تیار نہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث کاروباری حضرات اپنا سرمایہ ملک سے باہر منتقل کرنے پر مجبور ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی نہیں کر رہی بلکہ نیچے کی طرف جا رہی ہے جس کی بنیادی وجہ نااہل حکمران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب عوام ان حکمرانوں کو مسترد کر دیتے ہیں تو فارم 47 کے ذریعے انہیں دوبارہ مسلط کر دیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری پر حکومت پر تنقید کرنا نہیں بنتی،مفتاح اسماعیل

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ اگر عوام بغیر کسی ڈائریکشن کے نکل پڑے تو حالات مکمل طور پر تلپٹ ہو سکتے ہیں اس لیے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوامی مسائل کا فوری حل نکالیں۔

Scroll to Top