صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بانی پی ٹی آئی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ایک غیر ذمہ دار اور بیوقوف آدمی قرار دیا ۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہےکہ ایک شخص نے ساڑھے چار سال کے دوران پاکستان کی معیشت کو تباہ اور عالمی سطح پر ملک کے تعلقات کو شدید نقصان پہنچایا۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر گڑھی خدابخش میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے نام لیے بغیر سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کی اور کہا کہ ایک غیر سنجیدہ قیادت نے چند برسوں میں پوری دنیا سے پاکستان کے تعلقات خراب کر دیے تھے، تاہم موجودہ حکومت آہستہ آہستہ حالات کو بہتر بنا رہی ہے۔
صدر مملکت نے پاک فوج کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سپہ سالار نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو یہ بات اچھی طرح سمجھ آ گئی ہے کہ جنگ کوئی کھیل نہیں ہوتا۔
صدر آصف زرداری نے مودی کو للکارتے ہوئےسخت لہجے میں کہا شکر کرو ہم نے ابھی تمہارا لحاظ کیا ورنہ تمہارا وکرم جہاز بھی گرا دیتے،نریندر مودی کو چار دن تک سیدھا کھڑے ہونے کی ہمت نہ ہو سکی اور یہ وہ جرات اور حوصلہ نہیں جو ہماری افواج کے سربراہان میں موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے اگلے وزیراعظم ہوں گے، راجہ پرویز اشرف
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پاکستان کے گریبان میں ہاتھ ڈالے گا تو اسے بھارت کی طرح جواب دیا جائے گا،پاکستان کا آرمی چیف ایسا مضبوط اور دلیر ہے جو دشمن کو چنے چبوا دے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ایک غیر ذمہ دار قیادت نے چار سال میں پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کر دیا، جبکہ موجودہ قیادت اور ادارے مل کر ملک کو دوبارہ درست سمت میں لے جا رہے ہیں۔





