پی ٹی آئی کا پاکستان کے خلاف بیانیہ دفن ہو چکا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے برطانیہ میں کی جانے والی باتیں ملک مخالف اور تشویشناک ہیں، جو دہشت گردی کے مترادف ہیں۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جو بیانیہ پیش کیا جا رہا ہے وہ ایسا ہے جیسے افغانستان کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہو۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ہمارے فیلڈ مارشل اور افواج کے خلاف کی جانے والی باتیں دراصل پی ٹی آئی کا اصل بیانیہ ہیں جس کی وہ شدید مذمت کرتے ہیں۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ مئی کی جنگ کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں بھرپور پذیرائی ملی ہے اور ایک امریکی میگزین نے پاکستان کو ونر جبکہ بھارت کو لوزر قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں طاقت کا مرکز بن چکا ہے اور دنیا پاکستان کے ساتھ دفاعی ہتھیاروں کے معاہدے کر رہی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ایک مضبوط ملک ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے اور اب وہ اوورسیز پاکستانیوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم یہ بیانیہ زیادہ دن نہیں چلے گا، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے پروپیگنڈے سے دور رکھیں۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اب پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں اور ان کے ساتھ بھی وہی رویہ اختیار کیا جانا چاہیے جو ماضی میں ہماری پارٹی کے ساتھ رکھا گیا۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے لیے عظیم قربانیاں دیں اور ہم اپنے فیلڈ مارشل اور افواج کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صدرآصف زرداری نےبانی پی ٹی آئی کوبیوقوف آدمی قراردےدیا

پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں وفاق کی علامت ہے اور کراچی بھیک نہیں مانگ رہا بلکہ اپنا جائز حصہ طلب کر رہا ہے، دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان ایک طاقتور اور ذمہ دار ریاست ہے۔

Scroll to Top