چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملتان سلطانز کو آئندہ سیزن کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ خود آپریٹ کرے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اختتام کے بعد ملتان سلطانز کی نیلامی کی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل میں شامل دو نئی ٹیموں کی بولی کے لیے 10 پارٹیوں نے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ ان ٹیموں اور کمپنیوں کی فروخت 18 جنوری کو کی جائے گی۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کے لیے 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے ٹورنامنٹ شروع کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
اگر تمام فرنچائزز رضا مند ہوئیں تو پی ایس ایل 23 مارچ سے شروع کیا جائے گا،محسن نقوی نے اعلان کیا کہ وسیم اکرم پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر ہوں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرکٹ کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے اور یوتھ کرکٹ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں 450 اسکولز پر مشتمل کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے، جبکہ ملتان سلطانز کے ہیڈ کا اعلان آئندہ 10 روز میں کر دیا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزید کہا کہ کرکٹ کھیلنے والے کسی بھی بچے کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور تمام کھلاڑیوں کے لیے مکمل سرپرستی اور لانگ ٹرم کیئر پلان تیار کر لیا گیا ہے،ریجنل کرکٹ اکیڈمیز پر کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے مزیدکہا کپ کلب کرکٹ کی سکرونٹی کی جائے گی تاہم پی سی بی مداخلت نہیں کرے گا جبکہ صرف کوالیفائی کرنے والے کلبز کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے شائقین کے لیے خوشخبری: مزید ہائی وولٹیج میچز آنے والے ہیں
۔ محسن نقوی کے مطابق بچوں کو کرکٹ کے ساتھ ساتھ خود کو سنبھالنے کے قابل بنایا جائے گا۔





