پشاور: وسطی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں شدید دھند کے باعث موٹرویز پر حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں موٹروے پولیس نے عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر متعدد موٹروے سیکشنز بند کر دیے ہیں۔
موٹروے ایم-1 پر پشاور ٹول پلازہ سے رشکئی انٹرچینج تک، ایم-3 پر فیض پور سے رجانہ انٹرچینج تک، اور ایم-4 پر فیصل آباد سے شام کوٹ انٹرچینج تک ٹریفک بند ہے۔
موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک بڑی گاڑیوں کے لیے بند ہے، جبکہ ایم-4 فیصل آباد سے عبدالحکیم تک اور ایم-3 سمندری سے رجانہ تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
دُھند کے باعث (موجودہ صورتحال):
ایم-1: پشاور ٹول پلازہ سے رشکئی انٹرچینج تک بند ہے۔
ایم-3: فیض پور سے رجانہ انٹرچینج تک بند ہے۔
ایم-4: فیصل آباد سے شام کوٹ انٹرچینج تک بند ہے۔— National Highways & Motorway Police (NHMP) (@NHMPofficial) January 4, 2026
ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی یا تیز رفتاری خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دی جائے۔ ترجمان کے مطابق دھند میں محفوظ سفری اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو فوگ لائٹس کے لازمی استعمال، لین ڈسپلن پر سختی سے عمل، آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھنے اور تیز رفتاری سے گریز کی ہدایت بھی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قومی بحران میں اختلافات پسِ پشت ڈالنے ہوں گے، بینظیر اور نوازشریف نے 20سالہ تلخیوں کا خاتمہ کیا، رانا ثنااللہ
ترجمان سید عمران احمد نے شہریوں کو بتایا کہ کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کے لیے وہ موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسم بہتر ہوتے ہی موٹرویز کو مرحلہ وار ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ دھند کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات کو ہر حال میں مدنظر رکھیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔





