اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دیرپا امن و استحکام کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
بنوں اور لکی مروت میں خوارج کے خلاف کیے گئے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز پوری طرح پرعزم ہیں اور ایسی کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے لیے واضح پیغام ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کے جری جوانوں نے بنوں میں کارروائی کے دوران 3 خوارج کو ہلاک کیا۔
انہوں نے کہا کہ بنوں میں سکیورٹی فورسز کی بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائی قابلِ ستائش ہے، جس سے بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور عوام کو اپنی فورسز کی قربانیوں پر فخر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے مل کر ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات کے تحت صوبے میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، اور اس سلسلے میں لکی مروت کے علاقے پردل بیگوخیل میں ایک کامیاب ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران 3 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق اس آپریشن میں پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے مل کر حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں : قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا پہلا گروپ کولمبو پہنچ گیا، دیگر کھلاڑی آج روانہ ہوں گے
ہلاک ہونے والے دہشتگردوں نے ماضی میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر حملوں میں حصہ لیا تھا اور مختلف ٹارگٹ کلنگ واقعات میں ملوث تھے۔
رپورٹس کے مطابق محکمہ انسداد دہشتگردی کو اطلاع ملی تھی کہ مطلوب دہشتگرد سرائے نورنگ کے علاقے میں داخل ہو کر خطرناک کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
فوری کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی بنوں کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم اور مقامی پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا۔
پولیس کے پہنچنے پر دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کر دی، تاہم پولیس کی بہادر ٹیموں نے انہیں بچنے کا موقع دیے بغیر ہلاک کر دیا۔
ہلاک دہشتگردوں کی شناخت محمد نزیر عرف مجاہد، فواد اللہ عرف معاذ اور افنان خان عرف افنانی کے نام سے ہوئی۔





